مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)پی کے لائرز فورم کے چیئرمین و امیدوار اسمبلی سردار زاہد اقبال خان نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور آزاد حکومتیں مہاجرین مقیم پاکستان اور مہاجرین مقیم آزاد کشمیر کے مسائل کے حل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مہاجرین کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ان کا بدترین استحصال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مہاجرین کے معاملات کسٹوڈین ڈیپارٹمنٹ کے تحت چلتے تھے، تاہم محکمہ بحالیات کے قیام کے بعد مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈیوویلپمنٹ اتھارٹی میں بے ضابطگیاں،تحقیقات کا حکم
سردار زاہد اقبال خان نے الزام عائد کیا کہ محکمہ بحالیات نے اس معاملے کو“دکانداری”بنا رکھا ہے اور مہاجرین کے نام پر چاروں صوبوں میں مختص اراضی غیر مہاجر افراد میں تقسیم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم نے اس حوالے سے متعدد بار آواز اٹھائی، مگر کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خاطر اپنی جائیدادیں اور رشتہ دار چھوڑ کر ہجرت کرنیوالے مہاجرین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور : کھڑی شریف ویلفیئر سوسائٹی کی تقریب، فاروق اقبال کو اعزاز سے نوازا گیا
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بحالیات کے قیام کا مقصد مہاجرین کی بحالی اور آبادکاری تھا، لیکن بدقسمتی سے ادارہ اپنے بنیادی مقاصد پورے کرنے میں ناکام نظر آتا ہے اور مہاجرین آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے اور محکمہ بحالیات کی کارکردگی کا مؤثر احتساب یقینی بنایا جائے۔




