آزاد کشمیر انتخابی فہرستوں پر اعتراضات کی تاریخ میں توسیع

مظفر آباد : 05 مئی 2026: ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات 2026 کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے 33 حلقہ جات اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقہ جات کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظرثانی کے عمل کے تحت جاری شیڈول میں ترمیم کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ابتدائی انتخابی فہرستوں (Preliminary Electoral Rolls) پر عوام الناس کی جانب سے شکایات اور اعتراضات جمع کروانے کی آخری تاریخ میں مزید تین دن کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب عوام الناس ریوائزنگ اتھارٹیز کے پاس 07 مئی 2026 تک اپنے ناموں کی درستگی یا دیگر متعلقہ اعتراضات درج کرا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن،ن لیگ کے درجن سے زائد امیدواروں کے ٹکٹ فائنل

پریس ریلیز میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اگر کسی اہل رائے دہندہ کا نام انتخابی فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا ہو تو وہ متعلقہ فارم پر اپنی مکمل معلومات درج کر کے ریوائزنگ اتھارٹی کے پاس درخواست جمع کروا سکتا ہے تاکہ اس کا نام اس کے متعلقہ حلقہ کی انتخابی فہرست میں شامل کیا جا سکے۔ اسی طرح اگر کسی ووٹر کا نام انتخابی فہرست میں غلط درج ہو گیا ہو تو وہ بھی مقررہ طریقہ کار کے تحت کلیم داخل کر سکتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ریوائزنگ اتھارٹیز ان تمام اعتراضات اور کلیمز پر 08 مئی 2026 سے 09 مئی 2026 تک سماعت کریں گی اور ان پر فیصلے صادر کیے جائیں گے۔ بعد ازاں ریوائزنگ اتھارٹی کے فیصلے 10 مئی 2026 کو متعلقہ رجسٹریشن افسران کو ارسال کیے جائیں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ رجسٹریشن افسران 11 مئی 2026 سے 13 مئی 2026 تک انتخابی فہرستوں میں اندراج، اخراج اور ضروری درستگی کا عمل مکمل کریں گے، جس کے بعد نظرثانی شدہ انتخابی فہرستیں حتمی شکل اختیار کر جائیں گی۔

مزید پڑھیں: سابق رکن اسمبلی شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس قاتلانہ حملے میں شہید

Scroll to Top