نسک کارڈ کا سلسلہ زیادہ نیا نہیں تاہم اس میں ہر برس جدت پیدا کی جاتی ہے تاکہ عازمین حج کیلئے جامع سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس ضمن میں سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے رواں برس جو نسک کارڈ جاری کیا گیا ہے وہ فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں صورتوں میں دستیاب ہوگا جس میں مزید جدید سکیورٹی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج کے لیے سفری ہدایات جاری، ادویات ساتھ رکھنے اور بائیومیٹرک سے متعلق اہم الرٹ
وزارت نے رواں برس تمام عازمین حج کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے رہائشی مقامات سے نکلنے سے قبل نسک کارڈ کو ساتھ رکھنا نہ بھولیں۔
نسک کارڈ کے بغیر کسی عازم حج کو مشاعرِ مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، علاوہ ازیں مکہ مکرمہ شہر میں بھی سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں کسی بھی عازم حج سے اس کا کارڈ دریافت کرنے کی مجاز ہیں۔
نسک کارڈ وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (سدایا) کے تعاون سے جاری کیا گیا ہے جس میں عازمین حج کا مکمل ڈیٹا موجود ہوتا ہے۔
نسک کارڈ میں موجود ’کیوآر‘ کوڈ کو سکین کرتے ہی عازم حج کی مکمل معلومات جن میں ان کی بنیادی ڈیٹا کے علاوہ مکہ مکرمہ میں ان کی قیام گاہ کا ایڈریس، منیٰ اور میدان عرفات میں خیمہ کی مکمل لوکیشن، اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں ان کے قیام کا دورانیہ اور قیام گاہ کی تفصیلات کے ساتھ واپسی کے سفر کی معلومات بھی سسٹم میں فیڈ ہوتی ہیں۔
نسک کارڈ کے فوائد
یہ دیکھا گیا ہے کہ عام طورپر حج سیزن یا حج ایام میں اکثر عازمین حج اپنی قیام گاہ کا راستہ بھول جاتے ہیں۔ نسک کارڈ کے ذریعے عازم حج کو ان کی قیام گاہ کے بارے میں فوری اور مکمل تفصیلات دی جاتی ہیں۔
گم ہونے کی صورت میں سکیورٹی اہلکار نسک کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ سکین کرکے فوری طور پر عازم حج کا ایڈریس معلوم کرنے کے بعد انہیں بحفاظت قیام گاہ تک پہنچا دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عازمینِ حج ہوشیار! بغیر پرمٹ حج کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 10 سالہ پابندی کا اعلان
الغرض یہ کہا جا سکتا ہے کہ نسک کارڈ انتظامی امور کو بہتر اور جامع بنانے والا مثالی سسٹم ہے جس سے جہاں عازمین حج کو آرام ہوتا ہے وہاں غیر قانونی طریقے سے حج کرنے کے رجحان کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔
حج کو منظم بنانے کے لیے سعودی وزارت حج و عمرہ کا سلوگن ہے ’لاحج بلا تصریح (پرمٹ کے بغیر حج نہیں)۔




