انوکھا بحران، ہائی سکول میں 2 سربراہان قابض، دفتر کو 2تالے لگا دیئے

گڑھی دوپٹہ:تعلیم کے مقدس شعبے میں انتظامی غفلت اور لاپرواہی کی ایک انتہائی انوکھی اور تشویشناک مثال سامنے آئی ہے جہاں گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی دوپٹہ میں ایک ہی وقت میں دو صدر معلمین (ہیڈ ماسٹرز) کے قابض ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 اس سنگین تنازع کے نتیجے میں سکول کا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جبکہ معصوم طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری سکولوں کی موثر نگرانی کا فیصلہ،ہر ماہ 10اداروں کا معائنہ لازمی قرار

اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح اساتذہ اور نئے آنے والے ہیڈ ماسٹر کے مابین حالات اس قدر کشیدہ ہو گئے کہ بات  تلخ کلامی اور گالم گلوچ تک جا پہنچی۔

 اس ہنگامہ خیز صورتحال اور بگڑتے ہوئے حالات کے پیش نظر سکول کا کچھ تدریسی عملہ اور اساتذہ کا وفد فوری طور پر مظفرآباد سیکرٹری تعلیم کے دفتر پہنچ گیا ہے تاکہ اعلیٰ حکام کو اس سنگین صورتحال سے براہ راست آگاہ کیا جا سکے۔

 اب ارباب اختیار پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فوری طور پر قانون کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کریں کہ اس عہدے پر قانونی اور اصل تعیناتی کس کی بنتی ہے۔ صدر معلم کے مرکزی دفتر پر ایک ساتھ دو الگ الگ تالے لگا دئیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  دونوں فریقین نے دفتر کے بجائے سکول کے الگ الگ کلاس رومز میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور وہیں سے اپنے احکامات جاری کر کے ایک متوازی نظامِ انصرام چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے پورے تعلیمی ماحول کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔

والدین اور مقامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس تماشے سے محکمہ تعلیم کی رِٹ پر بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ سکول کے اندر جاری اس رسہ کشی اور دھڑے بندی کی وجہ سے باقاعدہ تدریسی عمل شدید متاثر ہو رہا ہے اور طلباء میں غیر یقینی کی فضا پائی جاتی ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر تعلیم اور سیکرٹری ایجوکیشن سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیں۔

یہ بھی پڑھیں:بچوں کا مستقبل سنوارنے کیلئے اوورسیز پاکستانی میدان میں آگئے، جٹی ڈھیری سکول میں جدید کمپیوٹر لیب تیار

غفلت کے مرتکب عناصر کا تعین کر کے فوری کارروائی کی جائے اور میرٹ کی بنیاد پر ایک باصلاحیت اور غیر متنازع سربراہ تعینات کیا جائے تاکہ سکول میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو سکیں اور بچوں کا قیمتی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔