مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر حکومت نے مہنگائی کے ستائے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایک اہم ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے ماہانہ 2 ہزار روپے فیول سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کردہ معلومات کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد محنت کش شہریوں کو ایندھن کے اخراجات میں مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق، اس سبسڈی کے حصول کے لیے کچھ مخصوص شرائط رکھی گئی ہیں۔ درخواست گزار کے پاس اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے، جبکہ موٹر سائیکل آزاد جموں و کشمیر میں ہی رجسٹرڈ ہونی چاہیے اور درخواست گزار اس کا اصل مالک ہو۔ فنی شرائط کے تحت، موٹر سائیکل کے انجن کی گنجائش 150cc سے کم ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، درخواست گزار کے پاس اپنے نام پر کوئی گاڑی یا الیکٹرک بائیک موجود نہیں ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل سواروں اور ٹرانسپورٹرز کی سبسڈی میں ایک ماہ توسیع
حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا عمل آن لائن رکھا ہے۔ وہ تمام افراد جو ان شرائط پر پورا اترتے ہیں، وہ حکومتی پورٹل pfsp.admin.gok.pk پر جا کر اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور پیٹرول کی قیمتوں کے بوجھ میں کمی آئے گی۔




