عدالت العالیہ آزاد کشمیر میں ججز کی تقرریاں، کئی نام زیر غور

مظفرآباد:عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر میں ججز کی خالی اسامیوں پر تقرریوں کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے، جس کے تحت مختلف سینئر قانونی شخصیات کے نام زیر غور آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اہم عمل میں سینئر وکلا کے ساتھ ساتھ جوڈیشل سروس سے وابستہ افسران کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تقرریوں کے اس مرحلے میں کئی نمایاں اور تجربہ کار قانونی شخصیات کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ زیر غور آنے والے ممکنہ امیدواروں میں سابق جج راجا سجاد احمد خان ایڈووکیٹ، چوہدری شبیر احمد ایڈووکیٹ، محترمہ راحت فاروق راجہ ایڈووکیٹ، چوہدری محمد الیاس ایڈووکیٹ، طاہر عزیز ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ اسی طرح جوڈیشل سروس سے وابستہ افسران میں راجا فیصل مجید خان (ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج)، چوہدری منیر (جج احتساب کورٹ) اور شیخ راشد مجید (ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج) کے نام بھی زیر غور بتائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ: آزاد کشمیر میں پنجاب طرز کا پراسیکیوشن سسٹم نافذ کرنے کا حکم

ذرائع کے مطابق اس مشاورتی عمل میں میرٹ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور تمام امیدواروں کی پیشہ ورانہ اہلیت کو بغور دیکھا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ عدالتی تجربے کو بھی تقرری کے عمل میں ایک اہم عنصر کے طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ ایسے افراد کا انتخاب کیا جا سکے جو عدالتی نظام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔

اطلاعات کے مطابق تقرریوں کے لیے آئینی اور قانونی طریقہ کار کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ حتمی فیصلے سے قبل متعلقہ فورمز کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے بعد ہی کسی بھی تقرری کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم مشاورتی عمل جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جلد اس حوالے سے پیش رفت سامنے آئے گی۔

مزید پڑھیں: لوکل فنڈز کیس: سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکمِ امتناعی کی استدعا مسترد کر دی

Scroll to Top