مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے “پرائم منسٹر گولڈ کپ” کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کا باقاعدہ آغاز 15 مئی سے ہوگا۔ سابق قومی کرکٹر سعید اجمل کے مطابق اس میگا ایونٹ کے تمام میچز مظفرآباد میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا سلسلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اب ٹرائلز کا آخری مرحلہ بھی مظفرآباد میں ہی منعقد ہوگا۔
اس لیگ میں کل 12 ٹیمیں شرکت کریں گی اور یہ مقابلے 22 مئی تک جاری رہیں گے۔ سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کے اختتام پر دو انتہائی مضبوط ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جن میں منتخب ہونے والے کھلاڑی مستقبل میں کشمیر کی نمائندہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ کشمیر سے بہترین ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کوچ سے مکالمہ اور پھر رنز کے انبار: بابر اعظم نے اپنی شاندار کارکردگی کا راز بتا دیا
انتظامی امور کے حوالے سے بتایا گیا کہ تنویر صاحب بطور ہیڈ کوچ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ فحا صاحب خزانچی کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ سعید اجمل نے سپانسرز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “یہ آپ کے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے،” لہٰذا اس مشن میں ہمارا ساتھ دیا جائے تاکہ کشمیر میں کرکٹ کو مزید فروغ مل سکے۔




