لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ 11 کے دوران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پشاور زلمی کے کوچ اوٹس گبسن کے ساتھ پہلی ملاقات کی تفصیلات بتائی ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کوچ نے ان سے کوئی غیر ضروری مطالبہ نہیں کیا بلکہ صرف یہ کہا کہ وہ میدان میں جا کر کھیل کا بھرپور لطف اٹھائیں۔ کوچ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اتنے طویل عرصے سے جو کچھ کرتے آئے ہیں اسے جاری رکھیں اور اپنی نیچرل گیم کھیلیں۔
’زلمی پوڈ کاسٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے پشاور زلمی کے کوچ اوٹس گبسن اور قومی ٹیم کے موجودہ کوچ مائیک ہیسن کے طریقہ کار کا موازنہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کوچز کے کام کرنے کا انداز ایک دوسرے سے کافی مختلف ہے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل 11 کے فائنل میں جگہ بنا چکی ہے، جہاں اتوار کے روز لاہور میں ان کا مقابلہ حیدر آباد کنگز مین سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: فاتح ٹیم کو10 اور رنر اپ کو 5لاکھ ڈالر انعامی رقم ملے گی
پی ایس ایل 11 کا سیزن بابر اعظم کے لیے ایک یادگار سفر رہا ہے، کیونکہ وہ گزشتہ تین، چار سال سے اپنی فارم اور تنقید کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھے۔ تاہم اس سیزن میں وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کے طور پر سامنے آئے ہیں، جس پر کرکٹ ماہرین اور ان کے مداح بے حد خوش ہیں۔ ایک وقت میں دنیا کے بہترین ٹی 20 کھلاڑی مانے جانے والے بابر اعظم نے اس ٹورنامنٹ کے ذریعے اپنی کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کر لی ہے۔
اعداد و شمار کے لحاظ سے بابر اعظم نے 10 میچز میں 84 کی شاندار اوسط سے اب تک 588 رنز بنائے ہیں۔ ان کی اننگز میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 60 چوکے اور 15 چھکے لگائے ہیں جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 146 رہا ہے۔



