گلگت بلتستان، پختونخوا میں طوفانی بارشیں، گلیشیئر پھٹنے، سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ درپیش ہے، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کردیا ۔

محکمہ موسمیات نے گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

اس دوران گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں۔

تاہم یہ صورتحال گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ، ملبے کے بہاؤ اور سیلاب کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔

خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : آندھی، طوفان،بارشیں،طغیانی ،ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

برفانی وادیوں اور پہاڑی علاقوں میں مقیم خاندانوں کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

مقامی ندی نالوں میں پانی کا رنگ اچانک تبدیل یا غیر معمولی آوازوں جیسے پتھروں کے ٹکرانے کے پیش نظر فوری احتیاط برتی جائے اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مویشیوں اور ضروری اشیا کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔

Scroll to Top