گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے اور شدید بارشوں کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا ہائی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے (GLOF)، شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق کل 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جو بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا باعث بن سکتی ہے۔

اس موسمی صورتحال کے دوران گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ، ملبے کے بہاؤ اور اچانک سیلاب کے خطرات کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے ان خطرات کی براہ راست زد میں ہیں۔ حکام نے ان برفانی وادیوں میں مقیم شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے مکمل گریز کریں۔

مقامی آبادی کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ندیوں میں پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی آئے یا پتھروں کے ٹکرانے جیسی غیر معمولی آوازیں سنائی دیں، تو اسے خطرے کی علامت سمجھا جائے اور فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔ اس کے علاوہ مویشیوں اور ضروری اشیا کو بھی پہلے سے بلند مقامات پر منتقل کرنے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ تمام شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں اور جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔