آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ “معرکۂ حق چنار والی بال لیگ 2026” دھماکے دار انداز میں شروع ہو گیا ہے۔ اسپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں جوش، جذبہ اور شائقین کا ایک عظیم سمندر دیکھنے کو ملا، جہاں ہر طرف تالیوں اور نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی۔
اس پروقار تقریب میں وزیرِ حکومت چوہدری رشید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی موجودگی نے ایونٹ کی رونق کو مزید بڑھا دیا، جبکہ ہزاروں کی تعداد میں موجود شائقین نے اس افتتاحی تقریب کو ایک یادگار منظر میں تبدیل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سنسنی خیز مقابلہ: اسلام آباد کو شکست،حیدر آباد فائنل میں پہنچ گیا
تقریب کے دوران اسٹیج پر میوزک اور انٹرٹینمنٹ کا جادو بھی سر چڑھ کر بولا۔ معروف فنکاروں الطاف میر، نادر علی اور عاشق بٹ کی زبردست پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، جبکہ بچوں کی دلکش اور معصومانہ پرفارمنس نے سب کے دل جیت لیے۔
اس لیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مہاجرین جموں و کشمیر کی 10 بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو میدان میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ اتری ہیں۔ ہر ٹیم جیت کے عزم کے ساتھ کھیل رہی ہے، جس کے باعث شائقین کو روزانہ کانٹے دار اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل معرکہ 10 مئی کو سجایا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ حکومت چوہدری رشید نے چنار والی بال کونسل کے منتظمین کو اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔




