محکمہ موسمیات نے کشمیر اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 2 سے 4 مئی تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کی صورتحال غیر یقینی رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بشمول دارالحکومت مظفر آباد میں 2 مئی سے بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران گلگت بلتستان کے تمام اضلاع اور سکردو میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: 3 مئی تک طوفانی بارشیں، ایس ڈی ایم اے کی وارننگ جاری
خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 2 مئی کی شام سے چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور کوہاٹ سمیت دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ بنوں، لکی مروت، کرک، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں 2 مئی کی رات سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے بیشتر علاقوں میں 3 مئی تک شدید گرمی پڑے گی، محکمہ موسمیات ،الرٹ جاری
دیگر صوبوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب اور سبی میں بارش ہو گی جبکہ سندھ کے چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارشوں سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیز ہواؤں کے دوران بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز سے دور رہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔




