سی ایس ایس امتحان میں کامیابی سمیٹنے والی آزادکشمیر کی 4 بیٹیاں، تعلق کہاں سے ہے؟

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے سی ایس ایس مقابلے کے امتحان میں آزادکشمیر کی 4خواتین امیدواروں نے کامیابی سمیٹ پر مختلف سرکاری گروپس منتخب کر لئے ہیں جبکہ آزادکشمیر سے کوئی بھی مرد کامیابی نہیں حاصل کرسکا۔

سی ایس ایس نے مقابلے کے امتحان 2025 کے حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں۔ اس امتحان میں 170 امیدوار مختلف سرکاری سروس گروپس کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سی ایس ایس امتحان 2025کے نتائج کا اعلان، 170کی تقرری کی سفارش

اعداد و شمار کے مطابق 12 ہزار 792 امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے صرف 355 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے۔ ان کامیاب امیدواروں میں سے 170 افراد کو مختلف سرکاری سروس گروپس میں تقرری کی سفارش کی گئی ہے، جن میں 84 مرد اور 86 خواتین امیدوار شامل ہیں۔

کمیشن کے مطابق اس سال امتحان میں کامیابی کی شرح صرف 2.67 فی صد رہی، جو اس مقابلہ جاتی امتحان کی سخت نوعیت کو ظاہر کرتی ہے۔

آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی 4 خواتین نے کامیابی سمیٹی ہےجن میں انیقہ فاطمہ، ایمن اسد،ولیجہ نثار اورصباشاہ روم شامل ہیں۔

انیقہ فاطمہ

انتقہ فاطمہ کا تعلق آزادکشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل فتح پور تھکیالہ سے ہے اور وہ صدر معلم (ر)چوہدری محمد شفیع (مرحوم) کی صاحبزادی اور سابق صدر پریس کلب فتح پور تھکیالہ نعمان شفیع کی ہمشیرہ ہیں۔

انتقہ فاطمہ کی پاکستان کسٹمز سروس میں اسسٹنٹ کی اسامی پر تعیناتی کیلئے سفارش کی گئی ہے۔

ایمن اسد

مظفرآبادکےحلقہ کوٹلہ کی یوسی بلگراں سے تعلق رکھنے والی ایمن اسد نے بھی سی ایس ایس امتحان میں کامیابی سمیٹی ہے اور ان کی اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے عہدے پر تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابقایمن یتیم طالبہ تھی اور ان کی والدہ جو ایک سکول ٹیچر ہیں نے ان کو اس مقام پر پہنچایا ہے۔

ولیجہ نثار

آزادکشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل لمنیاں سے تعلق رکھنے والے خواجہ نثار احمد مرحوم کی صاحبزادی ولیجہ نثار خواجہ نے بھی سی ایس ایس ا امتحان کامیابی سمیٹی ہے اور ان کی کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ میں تقرری کی سفارش کی گئی ہے۔

اہلِ علاقہ، سماجی و سیاسی شخصیات نے اس کامیابی کو جہلم ویلی کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

صبا شاہ روم

راولاکوٹ کے نواحی علاقے بنگوہئں ہلاں سے تعلق رکھنے والی خوش صبا شاہ روم نے بھی سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کر کے نہ صرف اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلا بلکہ اپنے خاندان اور پورے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

صبا شاہ روم کو آفس مینجمنٹ گروپ میں ایلوکیٹ کیا گیا ہے۔

Scroll to Top