پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے تیار

پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم آئندہ تین روز میں، 2 مئی 2026 کو، میکسیکو کیلئے روانہ ہوگی تاکہ آنے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکے۔

یہ ٹیم چوتھی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے اور اسے مسلم ہینڈز اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی معاونت حاصل ہے۔

اس موقع پر ریحان طاہر نے بتایا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ایک منظم پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کھیل سے جڑے بچوں کو قومی، مقامی اور عالمی میدانوں میں لے جانا اور انہیں بنیادی حقوق فراہم کرنا ہے، چاہے وہ خواب دیکھنے کا حق ہو، کھیلنے کا حق ہو، تعلیم کا حق ہو یا شناخت کا حق۔

مزید یہ بھی پڑھیں: پاکستانی جوانوں کیلئے دس ممالک میں روزگار کے مواقع، یورپ، مڈل ایسٹ شامل

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام مسلم ہینڈز کے ساتھ مل کر اس ٹیم کی حمایت کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں اسٹریٹ چلڈرن کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے اور کمزور طبقے کے بچوں کے لیے تعلیم، تحفظ اور بہتر مواقع کی اہمیت کو نمایاں کیا جا سکے۔

پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 10 کھلاڑی درج ذیل ہیں:

عبداللہ، مبشر شاہ، محمد حماد، ندیم حسین، محمد مصطفیٰ، محمد عیسیٰ، شاہد انجم، محمد کاشف، محمد بلال اور محمد ابراہیم، جو پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

یہ ٹیم اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی چوتھی شرکت کر رہی ہے۔ اس سے قبل روس اور قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹیم نے دوسری پوزیشن جبکہ برازیل میں تیسری پوزیشن حاصل کی، جس سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انٹرپول کی بڑی کارروائی:ملک ریاض اور بیٹے علی ریاض کے ریڈ وارنٹ جاری

اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے میکسیکو پہنچنے پر ٹیم کا استقبال کیا جائے گا، جن میں حمزہ ارشد اور عثمان انصاری شامل ہوں گے، جو پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔

منتظمین کے مطابق یہ اقدام صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد اسٹریٹ چلڈرن کو شناخت، مواقع اور آواز فراہم کرنا ہے۔

یہ ٹیم نہ صرف ملک کی نمائندگی کرے گی بلکہ یہ پیغام بھی دے گی کہ ہر بچے کو مواقع اور حقوق حاصل ہونے چاہئیں، اور کھیل کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کروا سکتے ہیں۔

Scroll to Top