انتظامی

آزادکشمیر اسمبلی کا افواج پاکستان کو شاندار خراج تحسین، قرارداد منظور

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان فیصل ممتازراٹھور کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو ایوان نے متفقہ طورپرمنظورکرلیا۔

قائد ایوان فیصل ممتازراٹھور نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس ایک سال قبل بھارت کی جانب سے پہلگام میں سیاحوں کے قتل عام کی ذمہ داری جو پاکستان پر عائد کر کے فالس فلیگ آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے جواب میں افواج پاکستان کی شاندار دفاعی حکمت عملی سے نہ صرف بھارت کو شکست فاش ہوئی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے جس پر یہ ایوان مسلح افواج پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فریحہ افراہیم کیس، جوڈیشل انکوائری کرائی جائے،آزادکشمیر اسمبلی میں قرارداد پیش

قائد ایوان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ معزز ایوان بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی فضائیہ، بری، بحری افواج کے آفیسران اور جوانوں سمیت بہادر پائلٹوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

قرارداد میں کہاگیا کہ یہ معزز ایوان صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت پر ان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ناقابل تسخیر دفاع وطن کے لئے ایٹمی پروگرام کے خالق قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھنے والے دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

قائد ایوان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ معزز ایوان اپنی بہادر افواج، پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے آزادی پسند عوام کو اپنے غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان کی عظیم قربانیوں پر ان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے اور پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی سیاسی، سفارتی واخلاقی حمایت پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کابینہ اجلاس، مشرق وسطیٰ کی جنگ رکوانے پرپاکستان سے اظہارتشکرسمیت اہم قراردادیں منظور

قائد ایوان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس معزز ایوان کی رائے میں وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے اور پوری ریاست کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہوگا۔

Scroll to Top