ضلع میرپور کے بعد ضلع بھمبر میں بھی دفعہ 144 نافذ، 5 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی

ضلع میرپور کے بعد اب ضلع بھمبر میں بھی امن و عامہ کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھمبر چوہدری محمد طارق کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلع بھر میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ اکٹھے ہونے اور ہر قسم کے اجتماع، جلوس، ریلی، دھرنے اور عوامی احتجاج پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

احکامات کی وجوہات اور پس منظر:

انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام اس مشاہدے کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے کہ آنے والے ایام میں مختلف سیاسی اور غیر سیاسی تنظیموں کی جانب سے مختلف مطالبات کی آڑ میں احتجاجی جلسے جلوسوں کا پروگرام سامنے آیا ہے۔ ماضی قریب میں اس طرح کے احتجاجی مظاہروں کے دوران بھمبر شہر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں کو بند کرنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن کی وجہ سے نہ صرف معمول کا کاروبار زندگی متاثر ہوا بلکہ مریضوں کو ایمبولینس کے ذریعے بروقت اسپتال پہنچانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور انتظامیہ نے پیٹرول سبسڈی کا طریقہ کار سمجھا دیا

دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی تنبیہ:

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ احتجاجی سرگرمیوں کے دوران شرکاء کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے الجھنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے خطرات کے پیشِ نظر یہ پابندی ناگزیر تھی۔ اس حکم نامے کا اطلاق تاریخِ اجراء (16 ستمبر 2026) سے لے کر دو ماہ تک رہے گا۔ اگر کوئی بھی شخص اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 188 اے پی سی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایس پی بھمبر کو اس حکم کی بھرپور تشہیر بذریعہ منادی کروانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔