باغ آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کی طالبہ فریحہ افراہیم کی فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور میں پراسرار موت کا معاملہ آزادکشمیر اسمبلی پہنچ گیا ، جہاں اسمبلی نے قرارداد کے ذریعے حکومت پنجاب سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا ہے۔
وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ سردار ضیاء القمر کی جانب سے قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کا یہ معزز ایوان آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ سے تعلق رکھنے والی ایک ہونہار طالبہ، مرحومہ فریحہ افراہیم 17 فروری 2026 کو پنجاب لاہور میں واقع فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں مشکوک حالت میں وفات پا گئیں پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی ڈاکٹر فریحہ افراہیم کی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خودکشی، حادثاتی موت یا قتل؟
اس ایوان کی رائے میں یہ واقعہ نہ صرف مرحومہ کے خاندان بلکہ پورے آزاد کشمیر کے عوام کے لئے شدید صدمے اور تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ اس واقعہ کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر تا حال مرحومہ کے ورثاء کو پوسٹ مارٹم رپورٹ، فرانزک رپورٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم نہیں کی گئیں، جس سے شفاف تحقیقات کے حوالے سے خدشات پیدا ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضے یہ ہیں کہ تحقیقات شفاف ہوں اور متاثرہ خاندان کو تمام معلومات فراہم کی جائیں۔ یہ نہ صرف ایک خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ آزاد کشمیر کے ہزاروں طلباء و طالبات کے تحفظ کا مسئلہ ہے جو حصول تعلیم کیلئے دوسرے صوبوں میں جاتے ہیں۔
قرارداد میں کہاگیاکہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 9 ہر شہری کو زندگی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ آرٹیکل 10-A شفاف ٹرائل اور شفاف تحقیقات کا حق دیتا ہےجبکہ آرٹیکل 14 انسانی وقار کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ کسی بھی شہری کی مشکوک وفات کی صورت میں شفاف تحقیقات اور ورثاء کو معلومات کی فراہمی آئینی فریضہ ہے۔
سردار ضیاء القمر نے کہا کہ ؤ حکومت پنجاب کو (Commissions of Inquiry Act, 1956) کے تحت ایسے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا اختیار بھی حاصل ہے۔قرارداد میں کہاگیاکہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت پنجاب اس واقعہ کی فوری، شفاف اور غیر جانبدار جوڈیشل انکوائری کروائے ۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر فریحہ افراہیم خودکشی کیس، 9رکنی ایکسٹرنل ریویو کمیٹی قائم، نوٹیفکیشن جاری
تمام رپورٹس فوری طور پر ورثاء کو فراہم کی جائیں اور اگر کسی فرد یا ادارہ کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ مرحومہ کے ورثاء کو انصاف مل سکے۔
اس موقع پر سپیکرنے سردار ضیاء القمر کی قرارداد کو وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔




