حیدر آباد

پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو245 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو میچ جیتنے کیلئے 245 رنز کا ہدف دیا ہے ،حیدرآباد کو پلے آف میں پہنچنے کیلئے حریف کو 159 رنز پر روکنا ہوگا ۔

نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے 39ویں اہم ترین میچ میں راولپنڈی کی دعوت پر حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے ہیں اور راولپنڈیز کو جیت کے لیے 245 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے ۔

حیدرآباد کی جانب سے تین دھواں دھار نصف سنچریاں سامنے آئیں۔ گلین میکسویل 37 گیندوں پر 70 رنز کی اننگ کھیل کر رن آؤٹ ہوئے ۔

وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 26 گیندوں پر 54 رنز بنائے جبکہ کوشل پریریرا نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز کی اننگ کھیلی ۔

راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ آصف آفریدی، بین سیئرس اور عماد بٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

پی ایس ایل میں پلے آف میں جانے والی تین ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے، جن میں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز شامل ہیں ۔

چوتھی ٹیم کا فیصلہ اس میچ کے نتیجے پر منحصر ہے ۔ حیدرآباد کنگزمین کو پلے آف مرحلے میں رسائی کے لیے راولپنڈیز سے 85 یا اس سے زائد رنز کے فرق سے میچ جیتنا ضروری ہے ۔

اگر راولپنڈیز نے 160 رنز بھی بنا لیے تو حیدرآباد کنگزمین میچ جیت کر بھی پلے آف سے باہر ہو جائے گی اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لے گی ۔

حیدر آباد اسکواڈ:
کنگسمین مارنس لیبوشگن (کپتان)، حسن خان (وی سی)، عثمان خان، عاکف جاوید، معاذ صداقت، صائم ایوب، محمد علی، کوسل پریرا، محمد عرفان خان، شایان جہانگیر، گلین میکسویل، حماد اعظم، ریلی میریڈیتھ، شرجیل خان، آصف محمود، ریاض علی، حنین شاہ، حنین شاہ، محمد عرفان مہیش تھیکشانہ اور احمد حسین شامل ۔

راولپنڈی اسکواڈ:

محمد رضوان ( کپتان)، سیم بلنگز، جلات خان، یاسر خان، رشاد حسین، محمد عامر، عبداللہ فضل، عماد بٹ، ڈیان فاریسٹر، آصف آفریدی، کامران غلام، رضا اللہ، محمد عامر خان، شاہ زیب خان، کول مکونچی، عثمان خواجہ اور سعد مسعود شامل ۔

Scroll to Top