مظفرآباد: حکومتِ پاکستان کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے چیئرمین آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نظرثانی کر کے نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 32.13 روپے فی لیٹر کمی کے تناسب سے تمام روٹس کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن نمبر 232-256/کے مطابق ڈیزل کی قیمت 385.56 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے فی لیٹر ہونے پر آزاد کشمیر بھر میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ نئے کرائے آزاد کشمیر موٹر وہیکل آرڈیننس 1971 کی دفعہ 45 (II-D) کے تحت نافذ العمل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں کمی، فی تولہ سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا
ڈویژن وائز نئے کرایوں کی تفصیل درج ذیل ہے:
مظفرآباد ڈویژن:
مظفرآباد سے راولپنڈی (براستہ کوہالہ) کا نیا کرایہ 825 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح ہٹیاں بالا (جہلم ویلی) سے راولپنڈی 1050 روپے، اتھمقام (نیلم ویلی) سے راولپنڈی 1330 روپے اور مظفرآباد سے مانسہرہ کا کرایہ 275 روپے ہوگا۔
میرپور ڈویژن:
میرپور سے راولپنڈی کا کرایہ 715 روپے، بھمبر سے راولپنڈی 1050 روپے اور کوٹلی سے راولپنڈی براستہ سہنسہ کا نیا کرایہ 870 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
پونچھ ڈویژن:
راولاکوٹ سے راولپنڈی کا کرایہ 610 روپے، باغ سے راولپنڈی 920 روپے، حویلی کہوٹہ سے راولپنڈی (براستہ مظفرآباد) 1470 روپے اور پلندری سے راولپنڈی کا کرایہ 730 روپے ہوگا۔ علاوہ ازیں مظفرآباد سے راولاکوٹ 670 روپے اور مظفرآباد سے باغ کا کرایہ 640 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کا بھارت کو ’جہنم کا گڑھا‘ قرار دینے پر ہنگامہ، اپوزیشن نے مودی کو ’کمزور ترین وزیراعظم‘ قرار دیدیا
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تمام ٹرانسپورٹرز اور اڈہ مالکان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ اندرون آزاد کشمیر تحصیل اور ضلع سطح پر بھی اسی تناسب سے کرایوں میں کمی لاگو ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے اور گاڑیاں بند کرنے جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔




