نئی دہلی: افغان ہیکرز کی جانب سے ایک بھارتی میڈیا چینل پر سائبر حملہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے دوران نشریات کو ہیک کر کے غیر معمولی اور سیاسی نوعیت کے پیغامات نشر کیے گئے۔ اس اچانک حملے نے بھارتی میڈیا انڈسٹری اور سیکیورٹی اداروں میں کھلبلی مچا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے بھارتی میڈیا نیٹ ورک “ون انڈیا” کی نشریات کو نشانہ بنایا اور دورانِ نشریات اپنا خصوصی پیغام چلایا، جس سے ناظرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق ہیکرز کی جانب سے نشر کیے گئے پیغام میں طالبان کے بھارت کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کو سختی سے مسترد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی ہیکرز نے ایف بی آئی ڈائریکٹر کا ذاتی ای میل ہیک کر لیا
واقعے کے فوری بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے سائبر حملے کی نوعیت اور سیکیورٹی نظام میں موجود ممکنہ خامیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چینل کی نشریات کو بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے۔ سائبر ماہرین کے مطابق اس قسم کے منظم حملے نہ صرف میڈیا اداروں کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ معلومات کی ترسیل کے ڈیجیٹل نظام پر بھی سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔ ابھی تک کسی خاص ہیکر گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ابتدائی تحقیقات میں اس کے تانے بانے افغانستان سے جڑے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔




