پاکستان کی انڈر 16 فٹبال ٹیم پہلی بار یوئیفا ٹورنامنٹ کھیلنے قازقستان روانہ

لاہور: پاکستان کی انڈر 16 فٹبال ٹیم ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار یوئیفا (UEFA) ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قازقستان روانہ ہو گئی ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) کے صدر محسن گیلانی نے اس موقع پر ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

صدر پی ایف ایف محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ یوئیفا جیسے بڑے ایونٹ میں قومی ٹیم کی شرکت ایک بڑا بریک تھرو ہے اور یہ پاکستان فٹبال کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں فٹبال کی ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں اور اس طرح کے بین الاقوامی ایونٹس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل11:عثمان خان کی شاندار سنچری، حیدرآباد نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 25 اپریل کو میزبان ملک قازقستان کے خلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم کا دوسرا مقابلہ 27 اپریل کو روس سے ہوگا جبکہ ایونٹ کے آخری میچ میں 30 اپریل کو پاکستان کا سامنا آذربائیجان سے ہوگا۔ واضح رہے کہ یوئیفا ڈویلپمنٹ فٹبال ٹورنامنٹ 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے فٹبالرز کے خلاف اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔

Scroll to Top