آزاد کشمیر میں عام انتخابات جولائی میں ہوں گے، التواء کی افواہیں بے بنیاد ہیں: چیف الیکشن کمشنر

مظفرآباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں عام انتخابات جولائی کے مہینے میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے التواء سے متعلق تمام افواہیں بے بنیاد ہیں اور تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں پولنگ متوقع ہے، جبکہ انتخابات کا باضابطہ شیڈول مئی کے وسط میں جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستیں 30 اپریل کو آویزاں کر دی جائیں گی۔ شیڈول کے اعلان کے فوراً بعد سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا

سیاسی مشاورت اور شفافیت:

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر کے ان کی تجاویز حاصل کر لی گئی ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو بھی بطور مبصر شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی گہری نظر ہوتی ہے، اس لیے غیر جانبدارانہ انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔

عدالتی فیصلے اور تیرہویں ترمیم:

تیرہویں آئینی ترمیم اور صدارتی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاملات اس وقت عدالتوں میں ہیں، اور عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے اور منفی پروپیگنڈے سے گریز کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اختتام پر کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا موجودہ نظام ہمارے بزرگوں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے، تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس نظام کی قدر کریں اور اس کی اہمیت کو سمجھیں۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیرالیکشن،مسلم لیگی امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل