آزاد کشمیر میں عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی گہما گہمی میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظرثانی کے شیڈول میں ترمیم کے بعد نیا فارمولا جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن اور نادرا کے باہمی تعاون سے ابتدائی انتخابی فہرستوں کی تیاری کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جو انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، ابتدائی انتخابی فہرستیں 28 اپریل کو شائع کر دی جائیں گی، جس کے بعد عوام اپنے ووٹ کے اندراج، درستگی یا کسی بھی قسم کے اعتراضات کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ اعتراضات جمع کرانے کی آخری تاریخ 4 مئی مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریوازنگ اتھارٹی 5 سے 7 مئی تک ان درخواستوں پر سماعت کر کے فیصلے سنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیرالیکشن،مسلم لیگی امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل

شیڈول کے مطابق، تمام فیصلوں کا اندراج 8 مئی کو انتخابی فہرستوں میں کر دیا جائے گا، جس کے بعد 9 سے 11 مئی کے درمیان حتمی فہرستوں کے اجراء کا عمل شروع ہوگا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی حتمی تکمیل 16 مئی تک متوقع ہے، جس کے بعد انتخابی عمل کے اگلے مراحل کا آغاز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر میں ٹکٹوں کی تقسیم ، نوازشریف نے اہم اجلاس طلب کر لیا

Scroll to Top