اسحاق ڈار کا رابطہ، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں مذاکرات میں رکاوٹ ہیں، عباس عراقچی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کو سفارتی عمل میں بڑی رکاوٹ قرار دیدیا، عراقچی نے بتایا کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے کہ آگے کیسے بڑھاجائے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا سے مذاکرات،ایرانی وفد آج شام اسلام آباد پہنچے گا

گفتگو میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے تمام زیر التوا مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے مسلسل بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل قریبی رابطے اور مکالمے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ادھر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی روسی ہم منصب سے بھی گفتگو ہوئی ، عباس عراقچی نے روسی ہم منصب سے کہا کہ امریکا کا غیر قانونی رویہ اور تضاد سے بھرپور موقف سفارت کاری کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے بتایا کہ ایران امریکی رویے کا جائزہ لے گا اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب فیصلہ کرے گا۔

ایران کی طرف سے مثبت اشارے ملے ہیں، سینئر پاکستانی عہدیدار

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے سینئر پاکستانی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے اسلام آباد مذاکرات سے متعلق مثبت اشارے ملے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق پاکستانی عہدیدار نے بتایا کہ انہیں امید ہے ایران امریکاکے ساتھ مذاکرات میں شرکت کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق ایک سینئر پاکستانی سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ایران کی جانب سے مثبت اشارے موصول ہوئے ہیں، عہدیدار کے مطابق صورتحال کے پیش نظر کوشش کی جا رہی ہے کہ ایران کل یا ایک دو روز میں شروع ہونے والے مذاکرات میں شامل ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مذاکرات : بریک تھرو ہوا تو ایرانی قیادت سے ملاقات کا خواہشمند ہوں، ٹرمپ

رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت تہران اور واشنگٹن دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ بات چیت کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔

ادھر امریکی اخبار نے دعویٰ کیا کہ ایرانی وفد آج اسلام آباد آنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد آئے تو ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف بھی ایرانی وفد میں شامل ہوسکتے ہیں۔

Scroll to Top