آزادکشمیر میں ٹکٹوں کی تقسیم ، نوازشریف نے اہم اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد:آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ پراہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف نے 21اپریل کو مری میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کے لیے 45 حلقوں میں190 امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں ،ذرائع کے مطابق جس میں پارٹی ٹکٹوں کی حتمی فہرست پر مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن پارلیمانی بورڈ کیخلاف سڑکوں پر آگئے،9مطالبات پیش

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ممکنہ اتحاد اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند سیاسی شخصیت کے بارے میں مشاورت کی جائے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 20اپریل کو گلگت کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بلایا گیا ہے اور 21اپریل کو آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوگا جبکہ اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات کی صورت میں شیڈول تبدیل بھی ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے 23 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیاتھا۔

مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے رہنمائوں نے امیدواروں کے انٹرویو کرکے سفارشات تیار کر لی ہیں جو اجلاس میں پیش کی جائینگی۔

پارلیمانی بورڈ کے اراکین میں محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف، محمد اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، مریم نواز شریف، حمزہ شہباز شریف شامل ہیں ۔

پارلیمانی بورڈ میں خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر، راجہ محمد فاروق حیدر خان، مشتاق احمد منہاس، چوہدری محمد سعید، چوہدری طارق فاروق، ڈاکٹر نجیب نقی خان، بیرسٹر افتخار گیلانی بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کا اپریل میں دورہ آزادکشمیر، ٹکٹس تقسیم ہوں گے، راجہ اظہراقبال

چوہدری عبدالرحمان، پرویز رشید، رانا ثناء اللہ خان، امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان خان، کیپٹن (ر) محمد صفدر اور برجیس طاہر بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہیں۔

قبل ازیں میاں نوازشریف اور مریم نوازشریف کے دورہ آزادکشمیر کا بھی اعلان کیا گیا تھا لیکن دو بار شیڈول کے بعد دورے منسوخ کر دیئے گئے تھے۔

Scroll to Top