وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا 27 اکتوبر ’یومِ سیاہ‘ پر خصوصی پیغام

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے 27 اکتوبر کے یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی استقامت، حوصلے اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدترین بھارتی بربریت کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی شمع آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ روشن ہے اور پوری ریاست جموں و کشمیر ایک دن پاکستان کا حصہ بنے گی۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی فوج نے ریاست کے ایک حصے پر اتر کر زبردستی اپنا غیر قانونی قبضہ جمایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اور بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے ہیں اور گزشتہ 79 سال سے کشمیریوں کو جس طرح نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس کی مثال دنیا کی حالیہ تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔

کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام اور لازوال استقامت:

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ وادی کے اپنے بھائیوں، بہنوں، بچوں اور بزرگوں کے عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ ان کے دلوں میں جو آزادی کی چنگاری 79 سال قبل بھڑکی تھی، وہ آج کے دن تک اسی طرح بھڑک رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کیا جائیگا، وزیر اعظم افتخار گیلانی

افتخار گیلانی نے اس بات پر بھی فخر کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کا جذبۂ آزادی اور قربانیوں کا جذبہ نسل در نسل آگے منتقل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی یہ چنگاری مسلسل بڑھتی چلی جا رہی ہے اور اس کی روشنی آج پورا عالم اور پوری دنیا واضح طور پر محسوس کر رہی ہے۔

ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق کا یقین:

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ضرور ہے، لیکن انہیں صرف امید ہی نہیں بلکہ کامل یقین ہے کہ انشاء اللہ ایک دن پوری کی پوری ریاست جموں و کشمیر مملکتِ پاکستان کا حصہ بنے گی۔ اپنے اس خصوصی پیغام کا اختتام انہوں نے “آزاد کشمیر زندہ باد، پاکستان پائندہ باد” کے نعرےکے ساتھ کیا۔