محکمہ موسمیات نے کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر، میرپور اور گردونواح میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔
آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے مقامات گلگت، اسکردو، چلاس، بنجی، استور، ہنزہ اور بگروٹ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر : بارشوں کا نیا سپیل ، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، ایڈوائزری جاری
کشمیر اور شمالی علاقوں کے علاوہ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے شہروں ایبٹ آباد اور اپردیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج رات تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے دیگر اضلاع جہلم، گوجر خان، منگلا، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان متوقع ہے۔ اس کے علاوہ میانوالی، خوشاب، نورپور تھل، سرگودھا، فیصل آباد، چنیوٹ، لاہور، شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔




