راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)جموں وکشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سردار عادل خالق ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار ذوالفقار عارف، ممبر نیشنل کونسل ناصر جاوید ، کونسلر حماد صدیق، شیراز صادق، مرتضیٰ خان نے آزادکشمیر کولوڈشیڈنگ فری زون قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
مقررین نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تناظر میں آج جو حالات پیدا کئے گئے ہیں ۔
مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال سے یہاں ڈیزل پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں وہاں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
جس سے عام آدمی متاثر ہوا ہے چونکہ ہمارا سماج زرعی ہے۔ آج پورے پاکستان میں محنت کش طبقہ کسان 150 مقامات پر سراپا احتجاج ہیں ان کا بڑا مطالبہ یہ ہے کہ گندم کی قیمت چار ہزار روپے فی من کی جائے۔
آج کسانوں کے عالمی دن کے موقع پر ہم اس محنت کش طبقے کسانوں کے اس مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی شروع دن سے ہی اپنے محنت کش طبقے کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ آزاد جموں وکشمیر کے وسائل کے اختیارات ہمارے پاس ہونے چاہیے ۔
آزاد جموں وکشمیر کی وحدت بحال ہو اس وقت مقبوضہ کشمیر میں مہاجرین کی نشستوں میں اضافہ کرکے ان کو خالی رکھا جا رہا ہے جبکہ جہاں آزاد کشمیر میں مہاجرین کی نشستوں پر نااہل لوگوں کو لا کر ریاست کے وسائل کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ناانصافیوں کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے ۔ اگر بلوچستان میں دیکھا جائے تو وہاں پر علی وزیر کو ابھی تک جیل میں رکھا گیا ہے۔
عمران خان کے حوالے سے آئے روز احتجاج ہوتے ہیں لیکن کوئی پزیرائی حاصل نہیں ہو رہی ہے۔ ملک میں پراپرٹی ٹیکس میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے۔
تعلیم کی بات کریں تو اس میں بھی بھاری فیسیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ہم سماج کے اس مظلوم طبقے کی ہر فورم پر بات کرتے رہیں گے ۔
ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار ذوالفقار عارف نے کہا کہ انٹرنیشنل جنگ کی صورتحال کے اثرات پوری دنیا میں پڑے ہیں لیکن پاکستان میں سستا پیٹرول لے کر عوام کو مہنگے ترین ریٹ پر فروخت کیا گیا ۔
پیٹرول پر تین گنا ٹیکس لگا کر عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ۔ انھوں نے آئے روز بجلی کی بلا جواز لوڈ شیڈنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کو لوڈ شیڈنگ فری زون قرار دیا جائے ۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ ایکشن کمیٹی کا چارٹرز آف ڈیمانڈ عوامی مطالبات ہیں حکومت فوری طور پر کمیٹی سے کیے گئے طے شدہ مطالبات پر عملدرآمد کریں۔
مہاجرین نشستوں سمیت دیگر مطالبات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ۔ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو 9 جون کو کشمیری عوام پہلے سے زیادہ قوت میں باہر نکلے گی۔
مکمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری تک واپس نہیں آئیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر کور کمیٹی یا کسی بھی فرد نے تحریک کو خراب کیا یا کسی دوسری جانب لے جانے کی کوشش کی تو ہم عوام کے ساتھ ہو کر بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
پریس کانفرنس سے کونسلر حماد صدیق نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے راولاکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں جو نقصانات ہوئے ہیں ان کا فوری سروے کیا جائے ۔ انھوں نے قدرتی نالوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے گل لالہ آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔




