الیکشن کمیشن

انتخابی فہرستوں کی درستگی، شیڈول میں توسیع نہیں ہوگی،الیکشن کمیشن کا اعلان

مظفرآباد:الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا ایک اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، کمشنربلدیات راجہ راشد محمود، ڈپٹی سیکرٹری اشفاق عباسی، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر(انتظامیہ) محمد عمر شیخ، سیکریسی آفسیر راجہ وسیم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی، ترمیم اورتصحیح سے متعلق جاری شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیراشوٹرز کی آمد,ن لیگ میں پھڈا، فیصل راٹھور کا مظفرآباد سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

تمام پہلوؤں پر غور کے بعد کمیشن نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ موجودہ شیڈول میں کسی قسم کی مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضوں کے مطابق مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اس سلسلہ میں یہ امربھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دو مرتبہ شیڈول میں توسیع کی جا چکی ہے تاکہ تمام متعلقہ فریقین بشمول سیاسی جماعتوں اور عوام کو اندراج، اعتراضات اور تصحیح کے لیے مکمل اور مناسب مواقع فراہم کیا جا سکے۔

مزید توسیع نہ صرف انتخابی عمل کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بن سکتی ہے بلکہ آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی کا موجب بھی بن سکتی ہے۔ لہذا کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن :پولنگ 7 جون کو ہوگی،چیف الیکشن کمشنر شہبازخان

تمام متعلقہ حکام، سیاسی جماعتوں اور عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جاری شیڈول کی مکمل پابندی کریں اور انتخابی عمل کی بروقت اور موثر تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top