چناری ویڈیو اسکینڈل: پولیس کی فوری کارروائی، مقدمہ درج، تفتیش شروع

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت) چناری میں مبینہ فحاش ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی ضلع جہلم ویلی سید عباس علی نے صدرڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کی درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانہ کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم محمد عارف کیانی پر الزام ہے کہ اس نے خواتین کی قابلِ اعتراض اور فحاش ویڈیوز بنا کر نہ صرف ان کی عزتِ نفس کو مجروح کیا بلکہ معاشرتی اقدار کو بھی نقصان پہنچایا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی پذیرائی، ٹرمپ کا اسرائیل کو لبنان پر حملے بند کرنے کا حکم

ایس پی جہلم ویلی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تھانہ پولیس چناری نے فوری طور پر زیرِ دفعہ 489، 292 اور 294 کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی شفاف اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا اور اگر مزید شواہد سامنے آئے تو مزید دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ فریقین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تولی پیر روڈ پر المناک حادثہ، ٹرک بے قابو،ڈرائیور زخمی،سامان مکمل تباہ

دوسری جانب عوامی و سماجی حلقوں نے ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوگا بلکہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں تو ضلع جہلم ویلی کو جرائم پیشہ اور اخلاقی برائیوں میں ملوث عناصر سے پاک کیا جا سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ:سمارٹ لاک ڈائون پرعملدرآمد،ہوٹلز ،موٹلز،دکانیں بند

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے فحاش مواد کی تشہیر اور بلیک میلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو چکے ہیں۔

پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسے کسی بھی واقعے کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Scroll to Top