آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے جاری آپریشنز، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل چوکس رہا جائے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر کی اہم ملاقات، دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
سیکیورٹی فورسز کا عزم اور شہدا کو خراجِ تحسین
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں سرپرستی حاصل کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور انہیں جہاں بھی موجود پایا گیا، مؤثر طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے شہدا، غازیوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سپہ سالار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی کامل حمایت اور قومی یکجہتی کے ساتھ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے انتہا پسندانہ نظریات کو مکمل طور پر شکست دے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔




