نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب بڑھتا ہوا رجحان: مون کریئیشن کے زیر اہتمام فائنل امتحانات کا انعقاد

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کے شعبے میں نوجوانوں کی دلچسپی اور رجحان میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اسی سلسلے میں مون کریشن مظفرآباد میں نیوٹیک (NAVTTC) کے زیر اہتمام دو روزہ فائنل امتحانات کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ امتحانات کے دوران کمپیوٹر آپریٹر اور گرافک ڈیزائن لیول تھری کے پہلے بیچ کے تھیوری اور پریکٹیکل کے مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دارالحکومت میں قائم یہ انسٹیٹیوٹ طلبہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور دیگر جدید ڈیجیٹل ہنر سکھا رہا ہے، جس کے بعد نوجوان گھر بیٹھے ان لائن کام کے ذریعے ماہانہ معقول آمدن حاصل کر کے اپنے روزگار کا خود ذریعہ بن رہے ہیں۔

اساتذہ اور طلبہ کا مؤقف:

امتحانات کے موقع پر مون کریئیشن آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اسٹوڈنٹ عنال غفور نے بتایا کہ انہوں نے یہاں سے ایک سالہ ڈپلوما کورس کیا ہے جس میں گرافک ڈیزائن اور ویب ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوٹیک اسلام آباد سے آئے ہوئے اساتذہ کی زیر نگرانی شفاف انداز میں امتحانات منعقد ہوئے ہیں اور وہ بہترین نتائج کے لیے پرامید ہیں۔

ادارے کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ یہاں تمام کورسز بنیادی سے ایڈوانس لیول تک سکھائے جاتے ہیں اور طلبہ کو سیکھنے کے ساتھ ہی ارننگ (آن لائن آمدن) کی طرف لایا جاتا ہے۔ اس وقت انسٹیٹیوٹ میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور ویڈیو ایڈیٹنگ کے کورسز کروائے جا رہے ہیں، جبکہ کئی سابق طلبہ یہاں سے فارغ التحصیل ہو کر ملازمت اور انٹرنشپ کے مواقع بھی حاصل کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی جگہ آج سےصرف ای پاسپورٹ کااجرا

آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا مثبت استعمال:

انسٹیٹیوٹ کے انتظامی حکام کے مطابق موجودہ دور میں اے آئی کا پوزیٹو اور درست استعمال سکھانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ادارے کا مقصد طلبہ کو یہ سکھانا ہے کہ وہ اے آئی ٹولز کے ذریعے اپنے گھنٹوں اور دنوں کے کام منٹوں میں مکمل کریں اور جدید ٹیکنالوجی سے روزگار پیدا کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے میں دو ماہ کا ڈیجیٹل مارکیٹنگ پلس اے آئی کورس کروایا جا رہا ہے، جہاں طلبہ کو اے آئی کی مدد سے کنٹینٹ اور پوسٹس ڈیزائن کرنا سکھایا جاتا ہے اور پھر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے اسے سیل کر کے آمدن حاصل کرنے کا طریقہ کار بتایا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق ایف ایس سی کے بعد روزگار کی تلافی کے بجائے آن لائن فیلڈ میں ڈگری کے بغیر بھی ہنر کی بنیاد پر وسیع مواقع میسر ہیں۔