90 سالہ زینگ زونگائی، جو اپنے پورے خاندان سے محروم ہو چکے ہیں، چین میں اپنی پرانی سائیکل پر سفر کر رہے ہیں تاکہ سکون حاصل کر سکیں ۔ وہ وسطی چین کے صوبے ہینان کے علاقے Kaifeng سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے مزاح اور مسکراہٹ کے ساتھ لوگوں کو محظوظ کرتے ہیں ۔
زینگ کی کہانی بائی شیاؤ بائی نامی خاتون کی بدولت انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی۔ Fujian کی رہائشی اس خاتون نے ان کی خراب سائیکل ٹھیک کرنے میں مدد کی۔ زینگ نے انہیں بتایا کہ کس سانحے نے انکی زندگی بدل دی۔
1990 کی دہائی میں زینگ کے بیٹے، بہو اور 8 سالہ پوتے کا ایک ٹریفک حادثے میں انتقال ہو گیا ۔ اس کے بعد ان کی اہلیہ بھی ایک سال بعد غم کے باعث وفات پا گئیں ۔
دو برسوں میں اپنے پورے خاندان سے محروم ہونے کے بعد زینگ نے اپنی سائیکل اٹھائی اور تقریباً تین دہائیوں سے چین کے پہاڑوں، جھیلوں، صحراؤں اور شہروں کا سفر کر رہے ہیں ۔
اب تک وہ ملک کے متعدد علاقوں کا سفر کر چکے ہیں اور جنوری میں Fujian پہنچے ۔ زینگ نے بتایا کہ وہ اپنے آبائی قصبے سے دور ہیں تاکہ پرانے زخم تازہ نہ ہوں، اور اسی وجہ سے انہوں نے زندگی کو متحرک رہنے اور سفر کرتے ہوئے گزارنے کو ترجیح دی ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ماضی کو پیچھے چھوڑ دیا اور اپنی پوری زندگی قدرت کی خوبصورتی دیکھنے میں گزارنا چاہتا ہوں ۔
مقامی میڈیا کے مطابق زینگ کی یادداشت بھی عمر بڑھنے کے ساتھ کمزور ہو رہی ہے اور انہیں اپنے گھر کا پتہ بھی یاد نہیں، پھر بھی وہ بغیر نقشے کے سڑکوں پر سفر کر رہے ہیں ۔
برسوں سے وہ اجنبی افراد کی مدد پر زندگی گزار رہے ہیں، جو انہیں کھانا، رہنمائی اور کپڑے فراہم کرتے ہیں ۔ زینگ کا کہنا ہے کہ یہ بھیک مانگنا نہیں بلکہ وہ زندگی ہے جو انہوں نے خود منتخب کی ہے ۔




