مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزادجموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی بنیاد ہے۔
نوجوان بالخصوص طالبات جدید تعلیم اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
صدر ریاست نے ان خیالات کا اظہار دی میلینیم یونیورسل کالج کی تقریب تقسیم اسناد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب سے سابق صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بھی خطاب کیا ۔
اس موقع پر دی میلینیم یونیورسل کالج کے بانی اور سی ای او ڈاکٹر فیصل مشتاق (تمغہ امتیاز) ،برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر ،کالج کے اساتذہ اور طلباء کے والدین بھی موجود تھے ۔
صدر آزادجموں و کشمیر نے کہا کہ معیاری تعلیم نوجوانوں کو نہ صرف عملی زندگی میں کامیابی کے مواقع فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں ذمہ دار شہری بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہاتعلیمی ادارے طلبہ و طالبات کی علمی استعداد میں اضافے کیساتھ ان کی اخلاقی تربیت، قائدانہ صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
ڈاکٹر محمد نجیب خان نے طالبات کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور خودمختاری معاشرے کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
تعلیم یافتہ خواتین مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر آزادجموں و کشمیر نے تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کیلئے بروئے کار لائیں گی۔
تقریب کے اختتام پر صدر آزادجموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کامیاب ہونے والی طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
اس موقع پر مقررین نے طالبات کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا گیا اور ان کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
مقررین نے میلینیم یونیورسل کالج کی پرنسپل اور انتظامیہ کو علمی میدان میں شاندار کاوشوں پر مبارکباد دی اور ان کی مزید کامیابیوںکیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے پہلے جب صدر ریاست تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو سی ای او کالج ڈاکٹر فیصل مشتاق نے فیکلٹی کے ہمراہ ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں صدر ریاست کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تعلیمی میدان میں اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لا کر جدید بنیادوں پر طلباء کو تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے تاکہ وہ عصر حاضر کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہو سکیں




