سونے کی قیمتیں گریں گی یا بڑھیں گی؟ عالمی ادارے گولڈمین ساکس نے حیران کن پیشگوئی کر دی

عالمی مالیاتی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے کی سب سے بڑی ماہانہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم دنیا کی صفِ اول کی کاروباری کمپنی ’گولڈمین ساکس‘ کا ماننا ہے کہ یہ گراوٹ عارضی ہے اور مستقبل میں سونے کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے امکانات بدستور موجود ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 کے دوران سونے کی عالمی قیمت میں 10 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ جو جون 2013 کے بعد کسی بھی ایک ماہ میں ہونے والی سب سے بڑی تنزلی ہے۔ یکم اپریل تک سونے کی قیمت 4,567 سے 4,769 ڈالر فی اونس کے درمیان ٹریڈ ہوتی رہی جو جنوری کے آخر میں قائم ہونے والی 5,600 ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح سے کافی کم ہے۔ اس بڑی گراوٹ کے باوجود گولڈمین ساکس نے سال 2026 کے اختتام تک سونے کی قیمت 5,400 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کی اپنی سابقہ پیش گوئی کو برقرار رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں مستحکم، فی تولہ نرخ برقرار

کمپنی کے ماہرین کا تجزیہ ہے کہ مارچ میں قیمتوں کے گرنے سے مارکیٹ کی بنیادی صورتحال تبدیل نہیں ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ بڑے سرمایہ کار جو سونے کی قیمتوں کو اوپر لے جا رہے تھے وہ اب بھی مارکیٹ میں مستحکم ہیں اور ان کے نکلنے کی کوئی توقع نہیں۔ گولڈمین ساکس کے مطابق جو سرمایہ کار عالمی معاشی خطرات سے بچنے کے لیے سونا خریدتے ہیں وہ اسے فروخت کرنے کے بجائے طویل مدتی بنیادوں پر اپنے پاس محفوظ رکھ رہے ہیں۔

مارکیٹ سے وابستہ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جاری معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محفوظ پناہ گاہ کے طور پر مزید سونے کا رخ کر سکتے ہیں جس سے آنے والے مہینوں میں قیمتوں کو دوبارہ پر لگنے کا امکان ہے۔ سونے کو ہمیشہ سے معاشی بحرانوں اور افراطِ زر کے خلاف ایک ڈھال سمجھا جاتا رہا ہے۔ جنوری 2026 میں مشرقِ وسطٰی کی کشیدگی اور عالمی سپلائی چین کے مسائل کی وجہ سے سونا 5,600 ڈالر کی تاریخی سطح عبور کر گیا تھا۔ حالیہ مارچ میں ہونے والی کمی کو ماہرین ’پرافٹ ٹیکنگ‘ یعنی منافع خوری کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں لیکن گولڈمین ساکس جیسی بڑی کمپنیوں کا مثبت اشارہ ظاہر کرتا ہے کہ مرکزی بینکوں اور بڑے اداروں کا سونے پر اعتماد اب بھی بحال ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر اورپاکستان بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 486,962 روپے مقرر

Scroll to Top