بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے سابق سربراہ محمد البرادعی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال پر فوری ایکشن لیا جائے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں محمد البرادعی نے کہا کہ مہربانی کریں، خلیجی ممالک کی حکومتیں جو کچھ کر سکتی ہیں وہ اب کریں۔ محمد البرادعی نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، انتونیو گوتیریس، یورپی کونسل، فرانس، چین اور روس سے بھی اپیل کی ہے کہ کچھ کریں قبل اس کے کہ ٹرمپ خطے کو آگ کے گولے میں بدل دیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گا، ابراہیم ذوالفقاری
سابق سربراہ آئی اے ای اے نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ٹرمپ کا پاگل پن روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا جا سکتا؟
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے پاس 48 گھنٹے ہیں کہ وہ کوئی معاہدہ کر لے یا آبنائے ہرمز کھول دے، ورنہ اس پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یاد رکھیں جب میں نے ایران کو 10 دن دیے تھے کہ معاہدہ کرے یا آبنائے ہرمز کھول دے۔




