پشاور (05 اپریل 2026): خیبرپختونخوا حکومت نے موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کے لیے ایک اہم ریلیف اسکیم ’’احساس فیول سپورٹ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق یہ پروگرام عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر شروع کیا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ دی جائے گی۔
اہلیت کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ موٹر سائیکل یا اسکوٹر درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو اور رجسٹریشن کی منتقلی مکمل ہو چکی ہو۔ غیر رجسٹرڈ یا کسی دوسرے کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی رکھنے والے افراد اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا،متفرق درخواستیں دائر
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو ’’دستک ایپ (Dastak App)‘‘ استعمال کرنا ہوگی۔ درخواست دینے کے لیے پہلے پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کرنی ہوگی، پھر بطور صارف اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ اس کے بعد گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور چیسز نمبر درج کر کے ضلع کا انتخاب کرنا ہوگا۔
درخواست دہندہ کو اپنی مکمل معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں نام، والد کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، رجسٹرڈ موبائل نمبر اور مکمل پتہ شامل ہیں۔ اس کے بعد درخواست جمع کروائی جائے گی۔ درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ (فرنٹ اور بیک)، رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ، گاڑی کی واضح تصویر اور ٹرانسفر کی صورت میں فروخت کنندہ اور خریدار دونوں کی تصدیق لازمی ہوگی۔
حکومت کے مطابق درخواستوں کی تصدیق e-Sahulat کے ذریعے کی جائے گی جب کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس (ETO) جانچ پڑتال کے بعد حتمی منظوری دے گا۔ درخواست منظور یا مسترد ہونے کی اطلاع درخواست دہندہ کو فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: موٹرسائیکل مالکان کو فی لیٹر پیٹرول پر 100روپے سبسڈی کیسے ملے گی؟طریقہ کار جانئے
حکام نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں درخواست مسترد کر دی جائے گی، جب کہ نام کی منتقلی مکمل نہ ہونے پر بھی درخواست قبول نہیں ہوگی۔ ٹرانسفر کے کیس میں دونوں فریق کی تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے۔ رجسٹریشن کا عمل 6 اپریل سے شروع ہوگا۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے شہری 091-9212260 اور 091-9211693 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔




