مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) مظفر آباد فوڈ اتھارٹی نے عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت بکرے کا گوشت قبضے میں لے کر تلف کر دیا ۔
حکام کے مطابق یہ گوشت ایک چوکی پر معمول کی چیکنگ کے دوران تحویل میں لیا گیا جہاں اس کی حالت مشکوک پائی گئی ۔ ابتدائی معائنہ میں گوشت سے بدبو آنے کی نشاندہی ہوئی ، جس پر مزید جانچ کیلئے اسے فوڈ ٹیکنالوجسٹ کے حوالے کیا گیا ۔
فوڈ ٹیکنالوجسٹ کی تفصیلی جانچ کے بعد گوشت کو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ اور غیر معیاری قرار دیا گیا ۔
معائنہ کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ گوشت پر ویٹرنری ڈاکٹر کی لازمی مہر موجود نہیں تھی جو کہ قانوناً ہر قسم کے گوشت کی فروخت کیلئے ضروری ہوتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،غیر معیاری دودھ فروخت کرنیوالوں کو بھاری جرمانے
اس مہر کی عدم موجودگی نے گوشت کی قانونی حیثیت کوبھی مشکوک بنا دیا ۔
قواعد و ضوابط کے مطابق مارکیٹ میں فروخت ہونے والے تمام گوشت کی صحت و صفائی اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے ویٹرنری ڈاکٹر کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے ۔
اس اصول کی خلاف ورزی نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ عوامی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے ۔
فوڈ اتھارٹی نے فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے گوشت کو قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا تاکہ اسے کسی بھی صورت میں مارکیٹ تک پہنچنے سے روکا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد،باسی گوشت کی ترسیل پرفوڈ اتھارٹی کا سخت ایکشن،کوسٹر ضبط کرادی
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ایسے عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی ۔




