بارش

محکمہ موسمیات نے کشمیر سمیت ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج کشمیر کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ شدید اور موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور ڈھانچوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، پشاور اور دیگر علاقوں میں اکثر مقامات پر بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ یہاں بھی بلند پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں بادل برسیں گے۔ مری اور گلیات میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ، سردی بڑھ گئی

گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کھڑی فصلیں بھی ژالہ باری اور آندھی سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top