اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اوروزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کشمیر سے متعلق دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ،فاروق حیدر کا آزادکشمیر حکومت پر الزام
وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر بلاول بھٹو زرداری سے مشاورت بھی کی۔
دوسری طرف ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت کا ہنگامی اجلاس ہواجس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم فیصل راٹھور،قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین ، سردار تنویر الیاس اور سردار یعقوب خان سمیت اہم سیاسی رہنما شریک ہوئے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے زرداری ہائوس میں ہونیوالے اجلاس کے حوالےکوئی بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن زرداری ہائوس میں موجود ایک ذرائع نے اجلاس کی تصدیق کی ہے۔
صدر زرداری کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس رات گئے تک جاری رہا ہے جس میں ذرائع کے مطابق آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات، صدر آزادکشمیر کے انتخاب سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم تیز، پی ٹی آئی،پیپلزپارٹی کی مشکلات میں اضافہ
یاد رہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمن اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان گزشتہ روز ملاقات میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے الیکشن میں سیاسی اتحاد پر اتفاق ہوا تھا۔
مولانا فضل الرحمن اور بلاول بھٹو نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ وہ اس سیاسی اتحاد کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔
پیپلزپارٹی اور جے یوآئی کے درمیان ہونے والے سیاسی اتحاد میں شقیں کیا ہونگی اہم نکات جلد سامنے آجائیں گے ۔




