مظفر آباد : آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور پٹرول و ڈیزل کے حوالے سے نئی ‘ترمیمی ٹرانسپورٹ پالیسی 2026’ کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت جہاں سرکاری اخراجات میں کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے، وہیں اعلیٰ عہدیداران اور بیوروکریسی کے لیے پٹرول کے استعمال کے الگ الگ معیار مقرر کیے گئے ہیں۔
اعلیٰ حکام کے لیے مراعات:
نوٹیفیکیشن کے مطابق، صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم، وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کے لیے پٹرول اور ڈیزل کے استعمال پر کوئی حد (No Limit) مقرر نہیں کی گئی ہے۔ ان عہدیداران کو 3000cc تک کی جیپ اور 1800cc تک کی کار استعمال کرنے کا استحقاق حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری افسران کی تنخواہوں میں کٹوتی: وفاقی حکومت کا کفایت شعاری نوٹیفکیشن جاری
نئی پالیسی کے تحت مختلف گریڈز کے افسران کے لیے ماہانہ پٹرول اور ڈیزل کی حد درج ذیل ہے:
- چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور گریڈ 21-22 کے افسران: 300 لیٹر ماہوار۔
- سیکرٹریز حکومت: 300 لیٹر ماہوار۔
- سربراہان محکمہ جات (گریڈ 20): 250 لیٹر ماہوار۔
- ایڈیشنل سیکرٹریز (گریڈ 19): 200 لیٹر ماہوار۔
- ڈپٹی سیکرٹریز اور گریڈ 18 کے افسران: 120 لیٹر ماہوار۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے لیے کوٹہ:
انتظامی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ آفیسرز کے لیے خصوصی کوٹہ رکھا گیا ہے:
- ڈپٹی کمشنرز اور ایس پیز: 400 لیٹر ماہوار۔
- اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز: 400 لیٹر ماہوار۔
- ٹریفک تھانہ جات: 400 لیٹر ماہوار۔
- تحصیل سطح کے دیگر انتظامی افسران: 100 لیٹر ماہوار۔
نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بیرون میونسپل حدود ٹور کے لیے الگ سے ایندھن حاصل کیا جا سکے گا۔ اس نئی پالیسی کے نفاذ کے ساتھ ہی پٹرول و ڈیزل سے متعلق سابقہ تمام نوٹیفیکیشنز منسوخ تصور ہوں گے۔




