ہلاں بالا میں نامعلوم افراد نے غریب خاندان کا گھر جلا دیا، لاکھوں روپے کا سامان خاکستر

خورشید آباد : تحصیل خورشید آباد کی یونین کونسل ہلاں کے گاؤں ہلاں بالا میں گزشتہ رات ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم شر پسند عناصر نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک رہائشی مکان کو آگ لگا دی۔ اس بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں ایک غریب خاندان کا آشیانہ مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا ہے۔

متاثرہ شخص کی شناخت سردار عابد کھوکھر ولد سردار محمد نظیر (عرف باجی) کے نام سے ہوئی ہے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں لاکھوں روپے مالیت کا مکان، تمام گھریلو سامان، قیمتی زیورات اور مویشیوں کے لیے ذخیرہ کیا گیا ہزاروں روپے مالیت کا گھاس بھی جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ متاثرہ خاندان اب کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی نژاد پاکستانی ڈیولپر حسنین نادرنے پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سردار عابد کھوکھر ایک نہایت محنتی، غریب اور سفید پوش انسان ہیں، جن کے لیے یہ مالی نقصان کسی بڑے سانحے سے کم نہیں۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے اس فعل کو انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

متاثرہ خاندان اور اہل دیہہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کے مالی نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔

مزید پڑھیں: ایران امریکہ کشیدگی: خام تیل 150 ڈالر تک جانے کا خدشہ،آئی ایم ایف کی وارننگ

Scroll to Top