مظفرآباد: محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) نے ایک نیا اور طویل موسمی الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق یکم اپریل 2026 سے مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ یہ سلسلہ 10 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے آزاد جموں و کشمیر میں موسم کی صورتحال کافی سنگین ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران ریاست کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ندی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال (Flash Floods) پیدا ہو سکتی ہے۔ حکام نے لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کاسلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے سب بتا دیا!
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آسمانی بجلی اور طوفان کے دوران محفوظ مقامات اور مضبوط عمارتوں میں پناہ لیں۔ کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کی کٹائی اور تحفظ کے لیے موسم کی تازہ ترین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا جانی و مالی نقصان کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم کو دینے کی اپیل کی گئی ہے۔




