بابر اعظم

زلمی میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے بولنگ ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہوگا، کپتان بابر اعظم

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی بولنگ سے متعلق خدشات پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے ۔

کپتانوں کی پریس کانفرنس کے دوران کپتان پشاور زلمی بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ گزشتہ سیزنز میں ہماری بولنگ کارکردگی ایک بڑا مسئلہ رہی ، جس کی وجہ سے ٹیم کو کئی اہم مواقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار ٹیم مینجمنٹ نے اس کمزوری کو دور کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور اسکواڈ میں نئے بولرز کو شامل کیا گیا ہے ۔

بابر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ صرف نامور یا باصلاحیت بولرز کا ہونا کافی نہیں ہوتا بلکہ اصل کامیابی اس وقت ملتی ہے جب ٹیم اپنی حکمت عملی پر درست انداز میں عمل کرے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی طے شدہ پلان کے مطابق کارکردگی نہ دکھائیں تو بہترین اٹیک بھی بے اثر ثابت ہو سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم کو کس نمبر پر کھیلنا چاہیے؟ سابق عالمی کرکٹرز کی رائے سامنے آگئی

ان کے مطابق اس سیزن میں ٹیم کی پوری توجہ پلاننگ کے ساتھ ساتھ اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے پر ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ زلمی اس بار زیادہ منظم اور پراعتماد انداز میں میدان میں اترے گی اور کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کیے جائیں ۔

بابر اعظم نے اُمید ظاہر کی کہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے بولنگ ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہوگا اور ٹیم کو فائدہ پہنچے گا۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی 2017 میں پی ایس ایل کی چیمپئن رہ چکی ہے مگر حالیہ برسوں میں بولنگ کی کمزوری کے باعث اسے مشکلات کا سامنا رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم سے متعلق سابق کپتان محمد یوسف کا حیران کن انکشاف

2021 سے 2025 کے دوران کئی مواقع پر ٹیم بڑے اسکور بنانے کے باوجود انہیں بچانے میں ناکام رہی ۔ پشاور زلمی اپنی مہم کا آغاز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں راولپنڈی کے خلاف کرے گی ۔

Scroll to Top