مظفرآباد: آزادکشمیر عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کا سربراہی اجلاس یکم اپریل کو طلب کرلیا ہے، اجلاس میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے تجاویز لی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اورچیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر جسٹس(ر) مصطفی مغل نے یکم اپریل بروز بدھ کو سیاسی جماعتوں کا سربراہی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں قبل ازوقت انتخابات، شیڈول کب آئیگا؟سردار عتیق نے بڑا دعویٰ کردیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) مصطفی مغل کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے تجاویز لی جائیں گی ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی جماعتوں سے اس بات پر بھی رائے لی جا سکتی ہے کہ الیکشن کب کرائے جائیں کیونکہ مسلم لیگ(ن) قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کررہی ہے اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان نے بھی کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہےکہ قبل ازوقت انتخابات ہوسکتے ہیں اور اپریل میں شیڈول متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی وفاق میں اتحادی جماعت مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر میں قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ اس لئے کررہی ہے کیونکہ پیپلزپارٹی حکومت اپنے آخری ایام میں تعلیمی پیکیج اور صحت پیکیج کے نام پر ہزاروں تقرریاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کیلئے خطرے کی گھٹنی،طارق سعید کاہر صورت الیکشن لڑنے کا اعلان
سیاسی جماعتوں کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کو یہ تجاویز بھی دی جا سکتی ہیں جولائی میں الیکشن ہونے ہیں لہذاتین ماہ قبل ہی تقرریوں /تبادلوں پر پابندی عائد کردی جائے اور نئی آنیوالی حکومت تقرریاں کرے۔




