مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت کے تحفظ کیلئے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر ناکہ بندی کے دوران ایک ٹرک سے بھاری مقدار میں ایکسپائرڈ جوسز برآمد کر لئے اور ٹرک بھی ضبط کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ناکہ لگا کر معمول کی چیکنگ کے دوران مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ایسے جوسز برآمد ہوئے جو اپنی معیاد مکمل کر چکے تھے اور انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر تھے۔یہ جوسز عید پر فروخت کئے جانے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن،پکوڑے، سموسے بنانے کیلئے استعمال ہونیوالا غیرمعیاری آئل تلف
حکام کے مطابق ضبط کیے گئے تمام مشروبات کو فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ٹرک ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی عوام کو غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء سے بچانے کے لیے کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ ایسی مصنوعات کے استعمال سے مختلف بیماریوں کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ داخلی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی غیر معیاری یا ایکسپائرڈ خوراک کو مارکیٹ تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:یو بی فوڈز کے اسنیکس ،شان فوڈز کے مصالحہ جات غیرمعیاری ثابت، پابندی عائد
انہوں نے تاجروں اور سپلائرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ صرف معیاری اور تازہ اشیاء کی ترسیل یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں نے فوڈ اتھارٹی کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی چیکنگ کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔




