مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل) ہیلتھ ملازمین آزادکشمیر کا منظور شدہ مطالبات کا فوری نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو عیدالفطر بھی سڑکوں پر منانے کا اعلان۔
میر محمد عارف سیکرٹری جنرل ہیلتھ ایمپلایز آرگنائزیشن آزاد کشمیر، سید سجاد نقوی، فوجدار آفریدی (نیلم)، طاہر مغل، یسرب بشر، فوزیہ جبین، نگہت خکسار اور ذوالفقار شاہ جی نے اعلان کیا ہے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں عید کی نماز کے بعد بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین اپنی ڈیوٹی نہایت احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے جائز اور منظور شدہ مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:17 سے 20 مارچ تک ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے منظور شدہ مطالبات کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
برہان وانی شہید چوک میں محکمہ صحت کے ملازمین کا بھرپور احتجاج آزاد کشمیر میں محکمہ صحت کے ملازمین نے برہان وانی شہید چوک میں اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج کیا۔
احتجاج میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ملازمین اور تنظیمی رہنماؤں نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ راٹھور حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عید کا چاند نظر آتے ہی فوراً اعلان کیا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلچسپ درخواست دائر
مظاہرین نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین پہلے ہی محدود وسائل میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود ان کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ذاتی سیاسی مفادات کے بجائے آزاد کشمیر کے عوام اور سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چوہدری ریاض کی خدمت کے بجائے آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق پر توجہ دینی چاہیے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملازمین سڑکوں پر آ چکے ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ حکومت کو اس کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا۔
اگر ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے اور تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے اور محکمہ صحت کے ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔




