آئی سی سی کا پلیئر آف دی منتھ نامزدگیوں کا اعلان،2پاکستانی شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فروری 2026 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان، انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس اور امریکا کے فاسٹ بولر شیڈلے وین شالکوک کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔

آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کے ناموں میں پاکستان کی فاطمہ ثنا، سری لنکا کی ہرشیتھا سمارا وکرما اور بھارت کی ارون دہاتی ریڈی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی : آئی سی سی نے سلمان علی آغا کیخلاف ایکشن لے لیا

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال فروری میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مینز پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

صاحبزادہ فرحان

پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان اس فہرست میں شامل ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔

انہوں نے ٹورنامنٹ میں 383 رنز اسکور کیے اور اس طرح ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ 2014 کے ایڈیشن میں ویرات کوہلی کے 319 رنز تھا۔

صاحبزادہ فرحان نے 160.25 کے اسٹرائیک ریٹ اور 76.60 کی اوسط سے رنز بنائے اور ٹورنامنٹ میں 2 سنچریاں بھی اسکور کیں۔ مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے وہ پہلے بیٹر بھی بن گئے، ان کی سنچریاں نمیبیا اور سری لنکا کے خلاف آئیں۔

ول جیکس

انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس بھی نامزد کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی جب کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 173.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 194 رنز اسکور کیے اور 11 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ول چیکس ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں چار مرتبہ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔

فاطمہ ثنا

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا بھی نامزد کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف 3 ون ڈے میچز میں 117 رنز بنائے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اس کے علاوہ ٹی 20 سیریز میں بھی وہ نمایاں رہیں جہاں انہوں نے پہلے میچ میں 90 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ تیسرے میچ میں ناقابل شکست 47 رنز اسکور کیے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے ناموں کا اعلان

بھارت کی فاسٹ بولر اروندھتی ریڈی آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر رہیں۔ بھارت نے یہ سیریز 2-1 سے جیتی۔

ریڈی نے سیریز کے تین میچز میں بالترتیب 4 وکٹیں دے کر 22 رنز، 2 وکٹیں دے کر 30 رنز اور 2 وکٹیں دے کر 35 رنز حاصل کیے، جس کے ساتھ ان کی اوسط 10.87 اور اکانومی ریٹ 7.25 رہی۔

آئی سی سی کے مطابق پلیئر آف دی منت ایوارڈ کے فاتح کا فیصلہ آزاد آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی اور دنیا بھر کے شائقین کی ووٹنگ سے کیا جائے گا۔ شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ووٹ دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کی ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان ہو گیا، قیمت کیا ہو گی؟ 

اعلامیے کے مطابق ووٹنگ میں آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی کے ارکان کے ووٹوں کا حصہ 90 فیصد جب کہ شائقین کے ووٹوں کا حصہ 10 فیصد ہوتا ہے۔

پلیئر آف دی منت ایوارڈ کے فاتح کا اعلان ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں آئی سی سی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top