لسڈنہ : آزاد جموں و کشمیر کے علاقے لسڈنہ اور کھوئی آرمی کیمپ کے درمیانی مقام پر شدید برفباری کے باعث مسافروں کی گاڑی پھنسنے سے صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، مسافروں سے بھری ایک گاڑی گزشتہ دو گھنٹوں سے زائد وقت سے برف کے بیچوں بیچ پھنسی ہوئی ہے، جبکہ علاقے میں جاری برفباری اور یخ بستہ ہواؤں نے پھنسے ہوئے افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ متاثرہ گاڑی میں ایک معصوم بچہ بھی سوار ہے، جو سردی کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث شدید پریشانی اور تکلیف کا شکار ہے۔ گاڑی میں موجود دیگر مسافروں کی جانب سے بھی دہائیاں دی جا رہی ہیں، تاہم شدید موسم اور راستے کی بندش کی وجہ سے وہ خود کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے میں ناکام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے ہیرو اور سابق کپتان سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
علاقہ مکینوں اور متاثرین کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی بھی سرکاری ادارے یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائی شروع نہیں کی جا سکی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس دوران چند ایسی گاڑیاں بھی وہاں سے گزریں جن کے ٹائروں پر برف میں چلنے والی خصوصی ‘چین’ لگی ہوئی تھی، مگر بارہا درخواست کے باوجود کسی بھی ڈرائیور نے انسانی ہمدردی کے تحت مسافروں اور بچے کو ریسکیو کرنے یا ساتھ لے جانے کی زحمت نہیں کی، جس سے مسافروں کی مایوسی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
فوری ریسکیو کی اپیل:
متاثرہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ نے آرمی کیمپ، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری کارروائی کریں اور برف میں پھنسے ہوئے خاندان کو بحفاظت نکالیں۔ مقامی افراد نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی درخواست کی ہے کہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ اعلیٰ حکام تک یہ آواز پہنچ سکے اور معصوم بچے سمیت تمام مسافروں کو بروقت مدد مل سکے۔
لسڈنہ میں برفباری کے بعد سڑک پھسلن کا شکار۔
مسافروں سے احتیاط کے ساتھ سفر کرنے کی اپیل۔ pic.twitter.com/XusDcQJlGy— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) March 15, 2026




