مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) ایس ایس پی مظفرآباد کی ہدایت پر تھانہ صدر پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ۔
پولیس ترجمان کے مطابق، یہ واقعہ 13 مارچ 2026 کو گوجرہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک شہری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ واقعے کے فوری بعد تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا اور شواہد کی بنیاد پر ملزم کی شناخت کی ۔
تھانہ صدر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم راجہ صائم ولد راجہ شمیم سکنہ پوٹھہ جھنڈ گراں، گوجرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا اور اسے پکڑ لیا ۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور واقعہ کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس واردات کے محرکات اور اس میں شامل دیگر افراد کا بھی تعین کیا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد پولیس کا تشدد،بچہ جاں بحق،درجنوں خواتین زخمی
ایس ایس پی مظفرآباد نے اس موقع پر کہا کہ شہر کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا ئیگی اور قانون کے مطابق تمام ضروری کارروائی کی جائے گی تاکہ شہر میں امن و امان قائم رہے ۔
پولیس کے مطابق شہریوں کی حفاظت اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، اور تمام قسم کی غیر قانونی اور تشدد پر مبنی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔
ایس ایس پی مظفرآباد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے معاملات میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں ۔
یہ کارروائی پولیس کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کی مثال ہے، جس نے نہ صرف ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا بلکہ شہر کے شہریوں کے اعتماد کو بھی مستحکم کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد پولیس کا ایکشن،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرمتعددگاڑیاں ،موٹرسائیکل ضبط
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل ہونے تک تحقیقات جاری رہیں گی اور کسی بھی شواہد یا اطلاعات کی روشنی میں مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔




